افغانستان: صوبہ غور دھماکے سے لڑزاُٹھا، 20 جان بحق

514

کابل: افغانستان کے مغربی صوبے غور میں پولیس ہیڈ کوارٹر کے باہر ہولناک دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

افغان خبر رساں ادارے کے مطابق دھماکا صوبہ غور کے دارالحکومت فیروز کوہ میں اتوار کے دن پولیس ہیڈکوارٹر کے قریب ہوا جبکہ ابتدائی معلومات کے مطابق پولیس ہیڈ کوارٹر کے باہر کھڑی بارودی مواد سے لیس گاڑی کو ریموٹ کنٹرول کی مدد سے اڑایا گیا تھا  اور دھماکےکی شدت زیادہ ہونے کی وجہ سے قریبی عمارتیں بھی تباہ ہو گئیں ہیں۔

ریسکیو ذرائع کا کہناتھا کہ زخمیوں اور لاشوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے جبکہ علاقے کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

اسپتال کے سربراہ محمد عمر کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی عملہ بم دھماکے سے لائے گیے درجنوں افراد جو شدید اور ہلکے زخموں ہوئے ہیں  کا علاج کر رہے ہیں۔

افغان میڈیا کے مطابق واقعے کے بعد سیکیورٹی ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور واقعے کے بعد ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے جبکہ اتوار ہونے کی وجہ سے متعدد سرکاری دفاتر بند تھے۔

واضح رہے دھماکے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی مگر دھماکے کی شدت دور دور تک سنائی دی تھی ۔