بحالی جمہوریت کا آغاز بابرکت دن سے ہوچکا، حافظ حسین

102

جہلم (آن لائن) جمعیت علما اسلام کے مرکزی ترجمان اور سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کی ’’تحریک بحالی جمہوریت‘‘ کا آغاز
جمعے کے بابرکت دن سے ہوچکا ہے، پی ڈی ایم میں شامل 11 قائدین خود احتسابی کے تحت اپنی پارٹیوں میں مکمل جمہوریت کی بحالی اور ’’موروثی سیاست‘‘ کے خاتمے کا بھی عزم کریں۔ حافظ حسین احمد نے کہا کہ سیاسی پارٹیوں میں خود احتسابی کے فقدان اور ’’موروثی سیاست‘‘نے آج ملک اور سیاسی اداروں کو ناکارہ اور کمزور کردیا ہے اور ہر چند سال کے بعد مارشل لاء ، غیر آئینی اقدامات اور جھرلو انتخابات کا تسلسل رہا ہے، احتساب اور انصاف کے اداروں کو مخالفین کے خلاف بے دریغ استعمال سے آج وہ خود ’’مکافات عمل‘‘ کا شکار ہیں حالانکہ ’’میثاق جمہوریت‘‘ ایم آر ڈی اور اے آر ڈی میں کے باہمی معاہدوں سے اقتدار میں آکر جس طرح انحراف کیا گیا وہ افسوسناک ہے۔