کورونا وائرس :دنیا بھر میں  مزید 4 لاکھ سے زاید افراد متاثر

93

لندن‘شنگھائی(اے پی پی+آن لائن)دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اب تک متاثرہ افراد کی تعداد تقریباً4کروڑ ہو چکی ہے۔گزشتہ24گھنٹے کے دوران مزید 4 لاکھ سے زاید افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں،اس
دوران مزید 6106 افراد ہلاک بھی ہوئے،جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 1,109,252 ہو گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز امریکا،بھارت اور برازیل میں ریکارڈ کیے گئے۔یورپ میں بھی کورونا وائرس کی دوسری لہر شدت اختیار کرتی جا رہی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں فرانس میں 25،برطانیہ میں 15 اور جرمنی میں ساڑھے 7ہزار سے زاید نئے کیسز سامنے آئے ہیں ۔علاوہ ازیں شنگھائی کی نجی سافٹ ویئر سلوشن کمپنی کی ریفرنس ویب سائٹ ورلڈومیٹر کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 11 لاکھ سے تجاوز کر گئی، کورونا کی دوسری لہر میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 6 ہزار 100 افراد ہلاک جب کہ 4 لاکھ افراد میں وائرس کی تصدیق کی گئی،یہ مہلک وائرس اب تک دنیا کے 215 ممالک اور علاقوں میں 3 کروڑ 95 لاکھ 93 ہزار انسانوں کو متاثر کر چکا ہے، دوسری طرف وائرس سے لگنے والی بیماری سے اب تک 2 کروڑ 96 لاکھ 58 ہزار مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔