کراچی ریفرنڈم : خواتین کی سرگرمیاں تیز، اسما سفیرو دیگر کے دورے

97

کراچی(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی کراچی (حلقہ خواتین) کے تحت بھی کراچی میں ریفرنڈم کے حوالے سے شہر بھر میں سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں ۔ ناظمہ کراچی اسما سفیر سمیر دیگر خواتین ذمے داران نے مختلف مقامات کے دور ے کیے ۔ اس موقع پر خواتین نے ریفرنڈم میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا ۔ ضلع جنوبی اور ضلع گلبرگ میں الخدمت سستا بازار لگایا گیا اور
خواتین سے ووٹنگ کرائی گئی ۔ کورنگی ساڑھے 3 میں بھی کیمپ لگایا گیا اور میڈیکل کیمپ کی سہولت کے ساتھ بیلٹ پیپر بھی بھروائے گئے۔ جماعت اسلامی حلقہ خواتین کراچی کی ناظمہ اسما سفیر و دیگر ذمے داران نے حقوق کراچی ریفرنڈم کے سلسلے میں الخدمت اسپتال ناظم آباد کا دورہ کیا۔ناظمہ ضلع وسطی مسرت جنید نے ان کا استقبال کیا اور بتایا کہ خواتین بھرپور انداز میں ریفرنڈم میں حصہ لے رہی ہیں۔اس موقع پر ڈاکٹرز پیرا میڈیکل اسٹاف نے کراچی کی تعمیر وترقی کے لیے جماعت اسلامی کی کوششوں کو سراہا اور تعاون کا یقین دلایا۔ اسما سفیر نے ضلع شمالی نارتھ کراچی میں الخدمت اسپتال کا بھی دورہ کیا۔ریفرنڈم میں شرکت کرنے والی خواتین سے ملاقات کی ۔علاوہ ازیں آئی اسپتال کے باہر بھی سارا دن ریفرنڈم کیمپ میں خواتین کا رش رہا اور جوش وخروش کے ساتھ کراچی کے لیے ووٹنگ کی جاتی رہی۔دریں اثنا ناظمہ ضلع ائرپورٹ عذرا جمیل نے اپنی ٹیم اورناظمہ علاقہ ملیر عینی کاشف کے ساتھ ملیر کے مختلف اسکولوںمیں ریفرنڈم کے حوالے سے پرنسپلز اور ٹیچرز سے ملاقات کرکے ان کو حقوق کراچی ریفرنڈم کی تفصیلات سے آگاہ کیا، تمام نکات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، تمام اسکولوں میں ریفرنڈم کا زبردست خیر مقدم کیا گیا ۔ اسٹاف نے فوری طور پر بیلٹ پیپرز پر رائے دی اور طالبات سے بھی بیلٹ کاسٹ کرائے۔ علاوہ ازیں جماعت اسلامی حلقہ میٹروول کی خواتین ذمے داران نے مختلف اسکولوں اور کالجیٹ کا دورہ کیا اور اساتذہ و طلبہ سے حقوق کراچی ریفرنڈم کے بیلٹ پیپر بھروائے ، اے ایم کالجیٹ میں ذمے داران کا خصوصی استقبال کیا گیا اور وہاں موجود تمام اساتذہ اور طلبہ و طالبات نے ریفرنڈم میں حصہ لیا اور جماعت اسلامی کی شہر کراچی کے لیے کاوشوں کی تعریف کی