پی ڈی ایم کا 18 اکتوبر کا جلسہ تاریخ ساز ہوگا، اسماعیل راہو

245

کراچی (آن لائن) پیپلزپارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیرمحمداسماعیل راہو نے کہا ہے پی ڈی ایم کا کراچی میں 18 اکتوبر کو تاریخ ساز جلسہ ہوگا، پی ڈی ایم کے جلسے شروع ہوتے ہی بنی گالا حواس باختہ ہو چکا ہے، عوام کی شرکت حکومت کیخلاف ریفرنڈم ہے۔ یہ بات انہوں نے
کراچی میں ہونے والے پی ڈی ایم کے ہونے والے جلسے کے متعلق اپنے جاری بیان میں کہی۔اسماعیل راہو نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کے جلسے ملک میں بڑھتی مھنگائی اور بیروزگاری کے خلاف ہیں، عوام کی بڑی شرکت نیازی حکومت کے خلاف ریفرنڈم ہے،کراچی ایک بار پھر جمہوریت بچانے نکلے گا،سلیکٹڈ کو جانا ہوگا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ سلیکٹڈ بہت جلد جانے والے ہیں اور حقیقی جمہوری حکومت آنے والی ہے، تاریخ نے عمران خان کا نام کٹھ پتلیوں کی فہرست میں لکھ دیا ہے، پی ڈی ایم کو جتنی جلد بڑی پزیرائی ملی ہے اتنی پہلے کسی حکومت مخالف اتحاد کو نہیں ملی۔رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ اب حکومت کا دفاع کرائے کے ترجمانوں کے بس کی بات نہیں، نااہلوں کا دفاع نااہل کرنے نکلے ہیں۔