جزائر پر زبردستی قبضہ کرنے والوں کا سیاسی قبرستان بنادیں گے،مولا بخش

93

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہاہے کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں اب وقت تبدیل ہوچکا ہے۔ پیپلزپارٹی نے جزائر کے حوالے سے صدارتی آرڈنینس مکمل طور پر مسترد کردیا ہے ہم کوئی بھی غیر جمہوری غیر آئینی عمل قبول نہیں کریں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے حیدرآباد میں اپنی رہائشگاہ پر پریس
کانفرنس کے دوران کیا۔اس موقع پر ضلعی صدر صغیر قریشی‘ علی احمد سہتو ودیگر بھی موجود تھے۔ انہوںنے گجرانوالا میں کامیاب جلسے پر بلاول ‘ مریم نواز ‘ مولانا فضل الرحمان کو مبارک مباد دیتے ہوئے کہاکہ جس طرح حکومت نے اپوزیشن کو متحد کیا ہے میرا دل چاہتا ہے کہ جلسے کی کامیابی پر مبارک وزیر اعظم اور حکومتی وزراء کو دوں۔ مولا بخش چانڈیو نے کہاکہ بلاول زرداری نے یہ اعلان کیا ہے کہ نااہل حکومت گلگت بلتستان کے الیکشن میں دھاندلی کرکے عوام کو نہیں روک سکتی اگر گلگت کے الیکشن میں دھاندلی ہوئی تواب خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ انہوںنے کہاکہ حکومت کی مہنگائی پالیسی کے خلاف عوام متحدہ ہوچکی ہے ۔سندھ حکومت اور عوام وفاق کی جانب سے جزائر پر قبضہ کا فیصلہ قبول نہیں کریں گے اگر زبردستی جزائر پر قبضہ کرنے کی کوشش کی گئی تو تمہارا سیاسی قبرستان بنادیں گے۔ آئین کسی بھی صورت اس کی اجازت نہیں دیتاآئین سے چھیڑ چھاڑ ختم کرکے قوم سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرو ۔ انہوںنے کہاکہ ہر آنے والا دن موجودہ حکومت کی تباہی وبربادی کا دن ثابت ہوگا اور یہ لوگ گم نام ہوجائیں گے ۔خان صاحب آپ کے پاس سیاسی لوگ نہیں سیاسی پرندے ہیں اور ان کے لیے ڈھائی سال بہت ہوتے ہیں۔ یہ ٹائیگر فورس نہیں بھیڑیا فورس ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہم پاک فوج سے محبت بھی کرتے ہیں اور احترام بھی لیکن اب حکمرانوں کی پالیسیاں پاکستان کے لیے قابل قبول نہیں ہیں ۔