پی ڈی ایم کے ایجنڈے میں کراچی شامل نہیں ، اسامہ رضی

162

کراچی(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی نے جناح اسپتال میں کراچی ریفرنڈم کے انعقاد کے موقع پر کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر موجود کسی بھی قومی جماعت کے ایجنڈے پر کراچی کی بحرانی صورتحال اور مسائل شامل نہیں ہیں جبکہ کھلی حقیقت یہ ہے کہ پورے ملک کی معیشت کا انحصار کراچی اور اس کے عوام سے وابستہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ ان جماعتوں نے عوام کی رائے پر جابرانہ تسلط
اور قبضہ جمایا ہوا ہے اور خصوصاً سندھ میں توجاگیردارطبقے کی سول آمریت مسلط ہے ۔ پیپلز پارٹی نے کراچی میں ’’یکجہتی ریلی‘‘ کے نام پر انتشار اور تعصب کی سیاست کی ہے ۔پیپلزپارٹی کی حکومت کراچی سمیت کسی بھی شہر کو بااختیار مقامی حکومت کا نظام نہیں دے رہی اوریہ خود جلسوں کے ذریعے عوام کی نہیں مفادات اور کرسی کی سیاست کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ جاگیردار اندرون سندھ کے مجبور عوام کو بھیڑ بکریوں کی طرح گاڑیوں میں بھرکر لائیں گے اور دنیا سے کہیں گے کہ جلسہ کامیاب ہوگیا ۔انہوں نے کہاکہ صرف جماعت اسلامی ہی عوام دوست اور کراچی دوست جماعت ہے جبکہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر جمع ہونے والے حکمران طبقوں کے لوگ عوام کے حقوق کے غاصب اور عوام دشمن طبقہ ہے ،جماعت اسلامی گراس روٹ لیول پر عوام سے رابطہ کر کے انہیں متحرک کرے گی اور حکمران طبقے سے نجات دلائے گی ۔