کورونا وائرس اور حالیہ طوفانی بارشوں سے بہت نقصان ہوا، ڈاکٹر ڈینل فیاض

13

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ڈایوسیس آف حیدر آباد چرچ آف پاکستان کے زیر اہتمام اندرون سندھ سے کورونا وبا اور حالیہ بارشوں سے متاثرین میں راشن تقسیم کی تقریب سینٹری اسکول خواجہ گوٹھ ٹنڈوالہٰیار میں منعقد کی گئی جس میں سو سے زائد گھرانوں میں راشن تقسیم کیا گیا۔ اس موقع پر پادری ڈاکٹر ڈینل فیاض نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس اور حالیہ طوفانی بارشوں سے بہت نقصان ہوا ہے اور اس آزمائش کا ہم سب نے مل کر مقابلہ کرنا ہے۔ ہماری خدمت مذہبی، طبقاتی اور معاشرتی تفریق سے ہٹ کر انسانیت کی خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مسیحی مذہبی رہنما بشپ کلیم جان کی خصوصی ہدایت پر کورونا وائرس سے متاثرہ افراد جن میں مسلم، کرسچن، ہندو سب شامل ہیں میں راشن تقسیم کیا ہے۔