سندھ کے جزائر پر قبضے کا آرڈیننس واپس لیا جائے، ریاض چانڈیو

268

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) مختلف قوم پرست جماعتوں کے اتحاد سندھ ایکشن کمیٹی کی اپیل پر لاڑکانہ میں بھی سندھ کے جزائر پر نیا شہر آباد کرنے کے متعلق صدارتی آرڈیننس کیخلاف مشترکہ احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں شریک سندھ ترقی پسند پارٹی، جئے سندھ محاذ، سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے رہنماؤں و کارکنان سمیت ادیب بھی شریک ہوئے۔ ریلی مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی پاکستان چوک پہنچی، جہاں دھرنا دیتے ہوئے وفاق اور سندھ حکومت کی ملی بھگت کیخلاف نعرے بازی بھی کی گئی۔ اس موقع پر قوم پرست رہنماؤں ریاض چانڈیو، جگدیش آہوجا، ڈاکٹر مظہر مغل، شیبہ مغل و دیگر کا کہنا تھا کہ سندھ کے جزائر پر وفاق نے پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر صدارتی آرڈیننس کے ذریعے قبضے کی کوشش کی ہے۔ سندھ کے جزائر پر قبضہ کسی صورت منظور نہیں۔ وفاق فوری طور پر صدارتی آرڈیننس واپس لے بصورت دیگر احتجاج وسیع کیا جائے گا۔