حکمران علماء کرام کو تحفظ دینے میں ناکام ہوگئے، قاری محمد فیاض

64

دھابیجی (نمائندہ جسارت) کراچی میں نامعلوم افراد کے ہاتھوں قتل کیے جانے والے مولانا عادل خان کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کیخلاف دھابیجی میں اہلسنت والجماعت کی جانب سے قاری محمد فیاض کی قیادت میں نماز جمعہ کے بعد جامع مسجد آل عبداللہ سے غریب آباد مارکیٹ بس اسٹاپ تک ریلی نکالی گئی، جس میں مختلف سیاسی ومذہبی جماعتوں کے رہنماؤں و کارکنان سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، مظاہرین سخت نعرے بازی کرتے رہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مولانا افتخار، مولانا ارسلان خان، قاری محمد فیاض، قاری عبدالمتین، شاہد علی مری ودیگر کا کہنا تھا کہ ریاست مدینہ کا نعرہ لگانے والے حکمران علماء کرام کو تحفظ دینے میں ناکام ہوگئے ہیں۔ گزشتہ دنوں کراچی میں سرعام مولانا عادل خان اور ان کے ڈرائیور کو نامعلوم دہشت گردوں کی جانب سے سرعام قتل کردیا گیا اور قاتل باآسانی فرار ہوگئے جنہیں تاحال گرفتار نہیں کیا جاسکا۔ یہ کوئی پہلی بار نہیں ہوا ہے، ہمارے کئی علماء کرام کو ٹارگٹ کرکے شہید کیا گیا لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ آج تک ایک بھی قاتل گرفتار نہیں کیا جاسکا۔ مظاہرین نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ملزمان کو گرفتار کرکے انہیں سخت سزا دی جائے۔