جھڈو، نواحی علاقے تاحال زیر آب، متاثرین حکومتی امداد کے منتظر

57

جھڈو (نمائندہ جسارت) جھڈو کے نواحی علاقے تاحال زیر آب، متاثرین بے یارو مددگار حکومتی امداد کے منتظر، ٹی بی کے مرض میں مبتلا چار بچوں کے باپ واحد کفیل کے گھر میں نوبت فاقوں تک آگئی۔ جھڈو کا نواحی علاقہ گوٹھ مکھن شاہ ڈیڑھ ماہ کا عرصہ گزر جانے کے باوجود تاحال زیر آب ہے، گائوں کے تمام مکانات پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں، گائوں کے متاثرین گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے جھڈو بائی پاس پر سڑک کنارے آسمان تلے بے یارو مددگار کسی مسیحا کے منتظر ہیں۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ نہ تو ہمیں راشن فراہم کیا گیا ہے اور نہ ہی ہمارے پاس رہائش کے لیے ٹینٹ موجود ہے، جبکہ ان متاثرین میں ایک گھرانہ ایسا بھی ہے، جہاں نوبت فاقوں تک پہنچ گئی ہے، کیونکہ گھر کا واحد کفیل شبیر احمد میانہ گزشتہ کئی ماہ سے ٹی بی میں مبتلا رہنے کے باعث کوئی کام کاج کرنے سے محروم ہے۔ متاثرہ خاندان نے مخیر حضرات اور حکومتی شخصیات سے علاقے میں پانی کی فوری نکاسی اور متاثرہ خاندان کی مدد کی اپیل کی ہے۔