جزائر پر وفاق کا قبضہ غیر آئینی ہے، سندھ ایکشن کمیٹی

38

دادو (نمائندہ جسارت) سندھ کے جزائر پر وفاق کے قبضوں کیخلاف سندھ ایکشن کمیٹی کی کال پر دادو میں مشترکہ پارٹیز کی جانب سے ریلی نکالی گئی جس میں سیکڑوں افراد کی شرکت، سندھ کے جزائر پر قبضوں کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ دادو میں سندھ ایکشن کمیٹی کی کال پر سندھ کے جزائر پر وفاق کے قبضے کیخلاف عوامی تحریک کے ایڈووکیٹ ساجد مہیسر، ایس یو پی سکندر سوڈھر، جے یو آئی کے انور کھونہارو، سندھی ادبی سنگت ملک وحید، عوامی جمہوری پارٹی سید لعل شاہ، جسقم کے منصور جمالی سمیت دیگر پارٹیز کے رہنماؤں کی قیادت میں علامہ آئی آئی قاضی پارک سے ایک کلو میٹر پیدل مارچ کرکے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی۔ پریس کلب پر ریلی جلسے کی صورت اختیار کرگئی، سیکڑوں کارکنان کی شرکت۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں نے کہا کہ سندھ کے جزائر سندھ کی ملکیت ہیں، جن پر قبضہ کسی صورت منظور نہیں، یہ عمل غیر اخلاقی، غیر آئینی ہے۔ صدارتی آرڈیننس زبردستی سندھ کے عوام پر لگایا گیا ہے، جسے ہم کالا قانون سمجھتے ہیں، ہم سب بلا تفریق سندھ کے حقوق کے لیے سڑکوں پر نکلے ہیں، جب تک سندھ کے جزائر پر قبضہ ختم نہیں کیا جاتا، تب تک جدوجہد جاری رہے گی۔