ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کیخلاف کارروائی ہوگی، شاہدہ پروین

138

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) اسسٹنٹ کمشنر میرپور خاص شاہدہ پروین نے کہا ہے کہ ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کیخلاف کارروائی کرکے عوام کو ریلیف دیا جائے گا، پرائس کنٹرول کمیٹی کو فعال کر کے روزانہ کی بنیاد پر نرخ نامے آویزاں کروائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہر کے مختلف علاقوں میں قائم گوداموں کو چیک کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر محمد خان کھٹی، او ایس اللہ ورایو اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج میرا میرپور خاص میں تعیناتی کے بعد پہلا وزٹ ہے، اس کے بعد سرپرائز وزٹ کر کے شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کیخلاف جرمانے اور سزائیں دی جائیں گی۔ ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کو فعال کر کے اشیاء سرف کی قیمتوں کا تعین کر کے روزانہ کی بنیادوں پر نرخ جاری کیے جائیں گے جو کہ دکانداروں اور ریڑی بانوں کو سامنے آویزاں کروائے جائیں گے، اپنے دورے کے دوران مختلف علاقوں میں قائم گوداموں کو چیک کیا اور دکانداروں سے بات چیت کر کے معلومات حاصل کیں۔