میلاد النبیﷺ مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا، ڈی سی سجاول

112

سجاول (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر سجاول محمد اسماعیل میمن نے کہا ہے کہ 12 ربیع الاول میلاد النبیﷺ شایان شان اور مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔ اس موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے دربار ہال میں منقعد ہونے والے اجلاس میں کیا۔ اجلاس میں ایس ایس پی سجاول الطاف حسین، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون سردار ریاض حسین لغاری، اسسٹنٹ کمشنر غلام حیدر خاصخیلی اور تمام مکتب فکر کے علماء کرام اور دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر معزز علماء کرام نے مطالبہ کیا کہ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کو بہترین انداز میں منانے کے لیے شہر میں جلوسوں کی گزر گاہوں کی صفائی کرائی جائے اور دوران محفل بجلی کی لوڈشیڈنگ بھی نہ کی جائے، جس پر ڈپٹی کمشنر نے یقین دلایا کہ مذکورہ تمام مسائل حل کیے جائیں گے۔ انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات دیں کہ وہ اپنی اپن تحصیل میں میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے حوالے سے اجلاس منعقد کریں۔ اس موقع پر ایس ایس پی سجاول الطاف حسین نے کہا کہ جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم پُرامن طور پر منانے کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں تاکہ کسی بھی پریشانی سے بچ سکیں۔