بھارت دنیا بھر کے دہشت گردوں کی آماجگاہ بن چکا ، شجاع الدین شیخ

152

لاہور (نمائندہ جسارت) بھارت دنیا بھر کے دہشت گردوں کی آماجگاہ بن چکا ہے۔ یہ بات امیر تنظیم اسلامی شجاع الدین شیخ نے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں بھارت ایک ایسا ملک ہے جو ریاستی دہشت گردی کا ارتکاب بھی کرتا ہے اور دنیا کے دوسرے ممالک میں دہشت گردی ایکسپورٹ بھی کرتا ہے۔ وہ دہشت گردوں کو مالی امداد بھی دیتا ہے اور سہولت کاری بھی فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان جیسے چھوٹے ملک میں بھارت نے کونصل خانوں کی بھرمار کی ہوئی ہے، جن کا اصل کام صرف پاکستان میں دہشت گردوں کو بھیجنا اور تخریب کاری کروانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک اعلیٰ حکومتی عہدیدار نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کے پاس بھارت کی دہشت گرد کارروائیوں کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔ امیر تنظیم نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ یہ ثبوت اقوامِ متحدہ اور دنیا کے دوسرے تمام اداروں کو فراہم کیے جائیں تاکہ بھارت دہشت گردی کے حوالے سے بے نقاب ہوسکے۔ انہوں نے 15 اکتوبر کو پاکستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی کے نتیجے میں 20 شہریوں اور فوجیوں کی شہادت پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ریاست پاکستان کو اس پر اعلانیہ طور پر جوابی کارروائی کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان میں فرقہ واریت کی آگ کو بھڑکانے کے لیے بھی ہر قسم کے حربے اختیار کررہا ہے۔ پاکستان میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کی شہادت بھی پاکستان میں انتشار پھیلانے کی بھارتی منصوبہ بندی کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران، علماء کرام اور عوام مل جل کر بھارت کے ناپاک عزائم کو سمجھتے ہوئے شعوری طور پر قومی اتحاد کی طرف بڑھیں جس کی بنیاد دین ہو۔ ہمیں یہ تسلیم کرنا ہو گا کہ حقیقی اسلامی فلاحی پاکستان ہی دشمنوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بناسکتا ہے۔