کوئٹہ کے سرکاری اسپتالوں میں سرنج تک دستیاب نہیں، ینگ ڈاکٹرز

118

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) کوئٹہ میں ڈاکٹروں نے بلوچستان کے سرکاری اسپتالوں میں سہولیات کی عدم دستیابی کیخلاف ریلی نکالی اور احتجاج کیا۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے صوبے کے سرکاری اسپتالوں میں سہولیات کی عدم دستیابی پر سول اسپتال سے ریلی نکالی گئی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب پہنچی جہاں پر مظاہرین نے احتجاج کیا اور حکومت کیخلاف نعرے لگائے۔ مظاہرین سے خطاب میں رہنمائوں نے کہا کہ صوبے بھر سے روازنہ سیکڑوں مریض علاج کی غرض سے یہاں کا رخ کرتے ہیں لیکن بدقسمتی سے ان کھنڈر نما اسپتالوں میں آکر انہیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر یاسر نے کہا ہے کہ سرکاری اسپتالوں میں ایک سرنج تک دستیاب نہیں ہے، مریضوں کو باہر سے سامان خریدنا پڑتا ہے۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ڈاکٹر حفیظ نے اس موقع پر کہا کہ ہم چاہتے ہیں کرپشن میں جو بھی ملوث ہو اسے پھانسی پر لٹکایا جائے، چاہے اس میں ڈاکٹر ہی کیوں نہ ملوث ہوں۔ ینگ ڈاکٹرز نے صوبائی حکومت سے محکمہ صحت میں شفاف تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ سرکاری اسپتالوں میں صحت کی سہولیات کی فراہمی تک احتجاج جاری رہے گا۔