امریکا کو افغانستان سے یکدم نہیں جانے دیں گے‘ معاون خصوصی قومی سلامتی

118

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک+نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی امور ڈاکٹر معید
یوسف نے کہا ہے کہ امریکا کو افغانستان سے یکدم نہیں جانے دیں گے، پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت ایک پیج پر ہے ، مقبوضہ کشمیرمیں بھارت انسانوں سے جانوروں والاسلوک کررہاہے۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے معید یوسف نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کو ایک بیانیہ بنا کر دنیا بھر میں پیش کیا، بھارت نے گزشتہ 20 سال کے دوران عالمی برادری میں پاکستان کو بہت ملامت کرائی، ہم دنیا کو یقین نہیں دلا سکے کہ پاکستان کی اصل توجہ اقتصادی ترقی ہے۔معید یوسف نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور خوشحالی کے لیے کوشاں ہے،پاکستان کی سیاسی اورعسکری قیادت ایک پیج پر ہے، پاکستان امن کے لیے کھڑا ہے، خطے میں امن اور ہمسایوں سے اچھے تعلقات حکومت کی ترجیح ہے، ہمیں خود پراعتماد ہونا چاہیے، ہمیں کسی سے کوئی ڈر نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کا واحد ایشو ہے جو سیاست سے بالا تر ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارت بیانیہ دے رہا ہے کہ پاکستان نے سودا کر دیا اور یہ سنجیدہ نہیں ہے، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہیے،بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں جانوروں جیسارویہ رکھا ہے، بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم سے خطے کے امن کو خطرات لاحق ہیں، ہم پاکستان میں بھارت کی دہشت گردی سے دنیا کو آگاہ کر رہے ہیں، وزیراعظم نے اقتدار میں آتے ہی کہا تھا کہ بھارت ایک قدم بڑھے ہم دو قدم بڑھیں گے۔ ہم نے بھارت پر واضح کر دیا کہ ہم کشمیر پر بات چیت کو تیار ہیں جس پر شرائط طے کرنی ہیں۔معید یوسف نے کہا کہ پاکستان کا بیانیہ امن اور اقتصادی ترقی ہے، جب تک پاکستان کی اقتصادی ترقی نہیں ہو گی ملک آگے نہیں بڑھے گا، پاک چین اقتصادی راہداری خطے کی ترقی کا منصوبہ ہے، چین ہمارا شراکت دار بنا ہے،امریکا بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کرے۔ پاکستان افغانستان میں امن چاہتا ہے لیکن امریکا 20سال سے افغانستان میں ہے، اسے ایک دم چھوڑ کر نہیں جانے دیں گے۔