اپوزیشن آج کراچی میں طاقت کا مظاہرہ کرے گی ، حکمراں دسمبر سے قبل چلے جائینگے ، پیپلز پارٹی

165

 

کراچی(نمائندہ جسارت)پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے تحت حکومت مخالف تحریک کے سلسلے میں دوسرا بڑا جلسہ آج اتوارکو باغ جناح نمائش چورنگی پر منعقد ہوگا ‘جلسے کی میزبانی پاکستان پیپلزپارٹی کرے گی۔ پیپلزپارٹی سندھ کے سیکرٹری جنرل وقار مہدی کے مطابق جلسے سے پی ڈی ایم کی مرکزی قیادت مولانا فضل الرحمن ، بلاول زرداری، مریم نواز، شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، مولانا شاہ اویس نورانی، علامہ ساجد میر، ڈاکٹر عبدالمالک، افتخارحسین، امیر حیدر خان ہوتی، ڈاکٹرجہانزیب جمالدینی ودیگر رہنما خطاب کریں گے‘جلسے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں‘ ذرائع کا کہنا ہے کہ جلسے سے سابق وزیراعظم نوازشریف کا وڈیولنک خطاب بھی متوقع ہے ۔ سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون ، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور پی ڈی ایم عوام کا مقدمہ سڑکوں پرلڑے گی‘ وزیراعظم اپنی تشہیر پر عوام کا پیسہ لٹا رہے ہیں‘ وفاق کو سندھ کے جزائر پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے‘ہر فورم یہ معاملہ اٹھائیں گے۔ وہ ہفتے کو کلفٹن پارک میں شجرکاری
مہم کے آغاز کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے پودا لگا کر کلفٹن پارک میں شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ بھر میں جہاں جہاں ہوسکے گا شجر کاری کریںگے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر و صوبائی وزیر سعید غنی، سید ناصر حسین شاہ، وقار مہدی اور دیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ ممکن ہے کہ حکمران دسمبر سے قبل ہی اپنے استعفے دے کر چلے جائیں اور ہمیں استعفے دینے کی ضرورت ہی نہ پڑے‘ ایسا لگتا ہے کہ 18 اکتوبر کو کراچی کا جلسہ ان کو آخری دھکا ثابت ہوگا‘ ایم کیو ایم کے ایک اور رکن قومی اسمبلی اور ان کی منارٹی ونگ کے انچارج منور لال نے شمولیت اختیار کی ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا‘ اگلا میئر کراچی پیپلزپارٹی کاہوگا۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم سمیت ان کے وزرا گھبرائے ہوئے اور پریشان ہیں‘ گوجرانوالہ کے جلسے میں عوام کا جذبہ اور ولولہ قابل دید تھا‘ یہ حکومت چند ہفتوں کی مہمان ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت مافیا کی حکومت ہے‘ جس میں چینی مافیا، آٹا مافیا، بجلی اور گیس مافیا سمیت سارے ان کے اے ٹی ایم موجود ہیں ‘ ان مافیا کو بچانے کے لیے موجودہ حکومت کروڑوں لوگوں کو بدحالی میں دھکیل رہی ہے ۔ پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی نے کہا کہ آنے والے بلدیاتی اور جنرل الیکشن میں کراچی سمیت سندھ بھر میں پیپلز پارٹی کلین سوئپ کرے گی۔ سعید غنی نے کہا کہ یہ عہدے اور وزارتیں اس پارٹی کی امانت ہیں اور اگر پارٹی فیصلہ کرتی ہے تو ایک منٹ بھی استعفا دینے میں نہیں لگے گا۔