مافیا کی حکمرانی مزید برداشت نہیں ، وزیر اعظم کو جانا ہوگا ، مراد علی شاہ

131

 

کراچی (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیراطلاعات شبلی فراز کو پی ڈی ایم جلسے میں شرکت کی دعوت دے دی۔ انہوں نے کہا کہ جلسے میں سندھ بھرسے عوام شامل ہوں گے، حکومت نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی، وزیراعظم کو اب گھر جانا ہی ہوگا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے آج وزراء کے ساتھ باغ جناح میں جلسہ گاہ دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔پی ڈی ایم کا آج یہ دوسرا بڑا پاور شو ہوگا۔ جلسے میں شرکت کیلیے سربراہ جے یوآئی ف مولانا فضل الرحمان کراچی پہنچ گئے ہیں۔ جبکہ نائب صدر ن لیگ مریم نواز آج لاہورسے شہرقائد پہنچیں گی۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ وفاقی حکومت نالائق، نااہل اور سلیکٹڈ ہے۔ مافیا کی حکمرانی مزید برداشت نہیں کریں گے وزیر اعظم کو اب گھر جانا ہی ہوگا۔ اسی طرح پیپلزپارٹی کے رہنماء اور وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اتنا گھبرائی ہوئی ہے، کہ ان کو سمجھ نہیں آرہی کہ
جان کیسے چھوٹے گی۔ پی ڈی ایم کو پہلا کامیاب جلسہ کرنے پر مبارکباد دیتے ہیں۔کراچی کا جلسہ کراچی کی تاریخ کا بڑا جلسہ ہوگا۔یہ عجیب مخلوق ہے ان کو معاشی بحران کا علم ہی نہیں ہے۔بلاول زرداری نے جوباتیں کیں، وہ پیپلزپارٹی کا مئوقف ہے۔