گوجرانوالہ جلسے میں ن لیگ نے کشمیر پر بات ہی نہیں کی،اعتزاز

205

لاہور (خبر ایجنسیاں ) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما کی جانب سے گوجرانوالہ جلسے کے بعد اپوزیشن جماعتوں پر شدید تنقید کی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی
کے سینئر رہنما اعتزاز احسن کی جانب سے گزشتہ روز کے گوجرانوالہ جلسے کے بعد مسلم لیگ ن اور مولانا فضل الرحمان کے کردار پر تنقید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کشمیر کے بارے میں کوئی بات نہیں کی گئی۔اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ گوجرانوالہ جلسے میں صرف بلاول نے کشمیریوں کے حق کیلیے کلبھوشن یادیو کے معاملے پر بھارت کیخلاف آواز بلند کی۔ بلاول کے علاوہ دیگر کسی جماعت کے رہنما نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے آواز بلند نہیں کی۔ گوجرانوالہ ن لیگ کا گڑھ ہے، ن لیگ جلسے کی میزبان تھی، گوجرانوالہ شہر کشمیریوں سے بھرا ہوا ہے، لیکن نواز شریف اور ن لیگ کے دیگر رہنمائوں نے کشمیریوں کیلیے کوئی بات ہی نہیں کی۔کیوں کہ کشمیر پر میاں صاحب بات ہی نہیں کرسکتے۔ اعتزاز احسن نے مولانا فضل الرحمان کے کردار پر تنقید کی اور کہا کہ 20 سال تک کشمیر کمیٹی کے سربراہ رہنے والے مولانا بتائیں انہوں نے کشمیر کیلییکیا کیا؟ ۔ اب یہ دباؤ ڈالیں گے کہ بلاول بھی اپنے آئندہ خطاب میں کشمیرکا ذکر نہ کریں ، کیوں کہ ان کے کاروباری مفادات کی باتیں ہوتی رہی ہیں۔اعتزاز احسن کا مزید کہنا ہے کہ وہ اب نواز شریف کے مستقبل سے مایوس ہوگئے ہیں۔ جلسے میں شرکاء کی تعداد کے حوالے سے سینئر پیپلز پارٹی رہنما کا کہنا ہے کہ جب 11 جماعتیں مل کر جلسہ کریں گی تو پھر جلسہ تو بڑا ہی ہوگا۔