جلسے میں کارکنوں کو ماسک، سینیٹائزر مہیا کیے جائیں، آصف زرداری

237

کراچی(نمائندہ جسارت)پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر اور سابق صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے باغ جناح جلسے سے قبل اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور
عہدیداران کو کورونا ضابطہ کار (ایس او پیز) پر عمل کرنے کی ہدایت کردی۔سابق صدر کا کہنا ہے کہ سانحہ کارساز کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے باغ جناح جلسے میں شرکت کے لیے آنے والے کارکن، ارکان اسمبلی اور عہدیداران کورونا سے بچاؤ کے ضابطہ کار پر عمل کریں۔انہوں نے کہا کہ جلسے میں شریک کارکنوں کو ماسک، سینیٹائزر مہیا کیے جائیں اور کارکن ماسک، سماجی فاصلے کو ملحوظ خاطر رکھیں۔آصف زرداری نے مزید کہا کہ کورونا وائرس ابھی ختم نہیں ہوا، احتیاطی تدابیر اختیار کرکے وبا سے بچنا لازمی ہے، قیادت کو کارکنوں کی صحت اور زندگی بہت عزیز ہے۔خیال رہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کی جانب سے اتوار کو باغ جناح میں عوامی قوت کا مظاہرہ کیا جائے گا۔