لگتا ہے نواز شریف میں مودی کی روح آگئی،پرویز الٰہی

141

لاہور (نمائندہ جسارت)اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ نواز شریف آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید کے خلاف ایسے بولتے ہیں جیسے نوازشریف میں مودی کی روح آ گئی ہو، نواز شریف یاد رکھیں آج جو جمہوریت نظر آرہی ہے وہ جنرل باجوہ اور تمام اداروں کی کاوشوں سے ہے، ملکی اندرونی اور بیرونی سازشوں کا مقابلہ اداروں کی مضبوطی سے مشروط ہے ۔ ہفتے کو پنجاب ایمرجنسی سروسز کے16 سال مکمل ہونے پرمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مضبوط ادارے ہی جمہوریت کی ضمانت ہیں کوئی غلط فہمی میں نہ رہے۔ اس موقع پر ڈی جی ریسکیو ڈاکٹر رضوان نصیر اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ ہم نے اپنے دور حکومت میں جو بھی ادارے بنائے ان کی مضبوطی کے لیے قانون سازی کی تا کہ بعد میں آنے والی حکومتیں اداروں کو نقصان نہ پہنچا سکیں یہی وجہ ہے کہ ریسکیو سروس اور ریسکیو سے میرا تعلق سیاست کا نہیں بلکہ دل کا ہے۔