کراچی: جلسے کی سیکورٹی کا پلان تیار‘ٹریفک پلان بھی جاری

473

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی باغ جناح میں اپوزیشن کے جلسے کی سیکورٹی کے لیے پلان تیار کرلیا گیا، جلسے کی سیکورٹی پر ساڑھے4ہزار سے زاید اہلکار تعینات ہوں گے،اہم رہنماؤں کوایس ایس یو ، اسپیشل برانچ سیکورٹی فراہم کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق پولیس نے باغ جناح میں (آج )اتوار کوپاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسے کی سیکورٹی کے لیے پلان تیارکرلیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جناح گرائونڈ کو سیکورٹی کلیئرنس کے بعدسیل کردیا جائے گا، اہلکاروں کوجلسے کی گزرگاہوں اور اطراف میں تعینات کیا جائے گا، جلسے میں شرکت کے لیے آنے والے شہریوں کے لیے 3 گیٹ کھولے جائیں گے،2 گیٹ سے مرد اور ایک گیٹ سے خواتین کو آنے کی اجازت ہوگی جبکہ میڈیا کے لیے الگ گیٹ مختص کیا گیا ہے،وی آئی پی گیٹ سے صرف رہنمائوں کو آنے کی اجازت ہوگی ۔علاوہ ازیںجلسے کے پیش نظر کراچی ٹریفک پولیس نے شہر میں ٹریفک پلان جاری کر دیا۔پی ڈی ایم کا جلسہ مزار قائد سے متصل باغ جناح میں آج اتوارکو شام ساڑھے 4بجے منعقد کیا جائے گا۔جمشید روڈ اور تین ہٹی سے نوائے وقت/نمائش عوام کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ گرومندر سے بہادر یار جنگ روڈ (سولجر بازار)اور جمشید روڈ سے جیل فلائی اوور یا نیو ٹائون سے طارق روڈ کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں۔شارع قائدین سے آنے والی ٹریفک کو نورانی سگنل سے آگے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ نورانی سے دائیں جانب خالد بن ولید روڈ کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں۔یونیورسٹی روڈ سے آنے والی ٹریفک کو جیل چورنگی سے بائیں جانب شہید ملت اور جیل چورنگی سے جمشید روڈ آنے والی ٹریفک کو سولجر بازار/ بزنس ریکارڈر روڈ کی طرف موڑ دیا جائے گا۔ریگل سے نیو ایم اے جناح کوریڈورتک عوام کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ صدر دواخانہ سے دائیں جانب لکی اسٹار سے شارع فیصل کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں۔ناظم آباد اور تین ہٹی سے آنے والی بس، منی بس اور دیگر ہیوی ٹریفک کو لسبیلہ سے گرومندر جانے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ چھوٹی گاڑیاں جا سکیں گی۔ ہیوی گاڑیاں نشتر روڈ کا راستہ اختیار کریں۔ایم اے جناح روڈ تبت سگنل سے آنے والی ٹریفک کو کیپری سے سولجر بازار نمبر1 بہادر یار جنگ روڈ کی طرف موڑ دیا جائے گا۔لیاقت آباد نمبر 10 سے تین ہٹی اور گرومندر جبکہ شارع قائدین سے سوسائٹی ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا۔