نیب دفتر میں ہنگامہ‘ راناثنا و صفدر کی ضمانت میں تو سیع

123

لاہور (نمائندہ جسارت)انسداد دہشت گردی لاہور کے جج ارشد حسین بھٹہ نے ن لیگ کی نائب صدر مریم نوازکی نیب آفس آمد کے موقع پر ہنگامہ آرائی کے مقدمے میں ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ، کیپٹن (ر) صفدر سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں20 اکتوبر تک تو سیع کردی۔ دوران سماعت رانا ثنا اللہ، کیپٹن (ر)صفدر،اراکین پنجاب اسمبلی ملک سیف المکوک کھوکھر اور مرزا محمد جاوید سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت پراسیکیوشن کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ تمام ملزمان تفتیش میں قصور وار پائے گئے ہیںجبکہ رانا ثنا اللہ اور دیگر کے وکیل نے کہا کہ ملزمان پرلگائے گئے الزامات جھوٹ اور بے بنیاد ہیں۔ اس موقع پر انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے کہا کہ آپ اپنے دلائل کا آغاز کریں، عدالت آئین و قانون کے مطابق فیصلہ کرے گی۔ اس موقع پر درخواست گزار کے وکلا نے کہا کہ انہیں مزید مہلت دی جائے۔ اس پر عدالت نے فریقین کے وکلا کو آئند سماعت پربحث کرنے کا حکم دے دیا۔