کراچی: غیر اخلاقی ویب سائٹس چلانے والا گروہ سرغنہ سمیت گرفتار

148

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے غیر اخلاقی ویب سائٹ چلانے والے گروہ کو سرغنہ سمیت گرفتار کرلیا، کارروائی ایک متاثرہ خاتون کی شکایت پر کی گئی۔ سائبر کرائم ونگ کے ڈپٹی ڈائریکٹر ریاض کوریجو کے مطابق سائبر کرائم سیل نے گلشن اقبال کے ایک فلیٹ میں چھاپہ مار کر غیر اخلاقی ویب سائٹ اسٹریم ایپلیکیشن چلانے والے گروہ کو مرکزی ملزم فیصل قادر سمیت گرفتار کرلیا جو فلیٹ میں غیر اخلاقی ویب سائٹ کا دفتر چلا رہا تھا جبکہ رمشا نامی خاتون اس کی پارٹنر ہے جس کی گرفتاری کیلیے چھاپہ مار کارروائی کی جارہی ہے، ایف آئی اے نے چھاپے کے دوران 9 موبائل فون، کمپیوٹر اور دیگر الیکٹرونک ڈیوائسز بھی قبضے میں لیں، برآمد ہونے والی الیکٹرانک ڈیوائس سے غیراخلاقی وڈیوز اور لڑکیوں کا ڈیٹاملا ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر کے مطابق یہ گروہ ورچوئل کرنسی کے نام پر خواتین کو غیر اخلاقی کاموں میں استعمال بھی کرتا تھا اور ایپ کے ذریعے انہیں دیگر گاہکوں سے ملواتا تھا۔ ایف آئی اے کے مطابق گروہ نے کچھ لڑکیوں سے زبردستی غیراخلاقی کام بھی کرائے، خواتین کو گھر بیٹھے پارٹ ٹائم جاب کرنے کی آفر کی جاتی تھی گروہ لڑکیوں کو ملازمت دینے کیلیے مختلف اخبارات میں اشتہارات بھی دیتا تھا۔