آرمینیا نے آذر بائیجان پر میزائل برسادیئے،13 شہری جاں بحق

287
گانجا (آذربائیجان): آرمینی فوج کے میزائل حملوں سے پھیلنے والی ہول ناک تباہی‘ امدادی اہلکار لاشیں اور زخمی نکال رہے ہیں

باکو (انٹرنیشنل ڈیسک) آرمینیا نے ایک بار پھر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آذربائیجان کے رہایشی علاقے پر میزائلوں کی بارش کردی، جس کے نتیجے میں13 شہری جاں بحق اور 40 زخمی ہوگئے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق آرمینی فوج نے جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب آذربائیجان کے شہر گانجا پر میزائل داغے، جو آبادیوں پر گرے۔ ان حملوں کے نتیجے میں کئی گھر اور دیگر املاک تباہ ہوگئیں۔ آذربائیجان نے میزائل حملے میں ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ زخمیوں میں سے 9 کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ آذربائیجان کے صدر الہام علییف نے بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے۔ صدر علییف نے کہا ہے کہ یہ حملے جنگی جرائم میں شمار ہوتے ہیں اور ذمے داروں کا تعین کیا جانا ضروری ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر بین الاقوامی برادری ایسا کرنے میں ناکام رہتی ہے، تو ان کا ملک ایسا کرنے سے گریز نہیں کرے گا۔ جب کہ اس وسط ایشیائی ملک کے حلیف ترکی نے آرمینی فوج کے حملے کو جنگی جرم قرار دیا ہے۔ دوسری جانب آرمینیا نے بھی آذربائیجان پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی فوج نے اپنی حدود میں ڈرون دیکھے ہیں، جب کہ ایک حملے میں اس کے 29 فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔ اگر یہ دعویٰ درست ہے کہ تو 27 ستمبر سے جاری اس جنگ میں اب تک آرمینیا کے 633 فوجی مارے جا چکے ہیں۔ واضح رہے کہ متنازع علاقے نگورنوکارباخ پر دونوں ممالک کے درمیان 27 ستمبر کو جھڑپیں شروع ہوئی تھیں۔ اس دوران سیکڑوں شہری بھی ہلاک اور زخمی ہوچکے ہیں۔ پھر روس کی ثالثی میں گزشتہ ہفتے ہی جنگ بندی پر اتفاق کیا گیا تھا۔