ٹرمپ نے سیاہ فام رکن پارلیمان کو غیرقانونی مہاجر کہہ دیا

146

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والی مسلمان رکن کانگریس الہان عمر سے متعلق ایک بار پھر متعصبانہ بیان جاری کیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق فلوریڈا میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی ریاست منیسوٹا سے ڈیموکریٹک پارٹی کی منتخب رکن کانگریس الہان عمر کو نسلی تعصب کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صومالیہ سے غیر قانونی طور پر امریکا آنے والی مہاجر ہمیں سبق پڑھا رہی ہے کہ ملک کو کیسے چلانا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے الہان عمر کی نجی زندگی کو انتہائی بھونڈے انداز سے نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ خاتون رکن کانگریس نے شادی بھی ایسے شخص سے کی، جو رشتے میں ان کا بھائی یا ایسا ہی کچھ لگتا ہے۔ امریکی صدر کا کہنا تھا وہ الہان عمر کی وجہ سے منیسوٹا سے الیکشن جیت جائیں گے کیوں کہ وہ ہمارے ملک سے محبت نہیں کرتیں۔ واضح رہے کہ الہان عمر 12 برس کی عمر میں صومالیہ سے امریکا منتقل ہوئی تھیں اور 5 سال بعد 17 برس کی عمر میں انہیں امریکی شہریت مل گئی تھی۔ الہان عمر 2018ء میں منیسوٹا سے ڈیموکریٹک پارٹی کے ٹکٹ پر کانگریس کی رکن منتخب ہوئیں۔