قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون کا آغاز آج سے ہوگا

148

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون کا آغاز آج سے ہوگا۔ کراچی میں شروع ہونے والے نان فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں سدرن پنجاب کی سیکنڈ الیون کرکٹ ٹیم اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ایونٹ کے پہلے راؤنڈ کے میچز کی میزبانی اسٹیٹ بینک گراؤنڈ، کے سی سی اے اسٹیڈیم اور ٹی ایم سی گراؤنڈ کے سپرد کی گئی ہے۔ ایونٹ کے چند میچز نیشنل بینک اسپورٹس کمپلیکس میں بھی کھیلے جائیں گے۔ابتدائی راؤنڈ میں دفاعی چیمپئن سدرن پنجاب کی ٹیم ناردرن کے مدمقابل آئے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان آج سے شروع ہونے والا 3 روزہ میچ ٹی ایم سی گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔بلوچستان اور خیبرپختونخوا اسٹیٹ بینک گراؤنڈ جبکہ سینٹرل پنجاب اور سندھ کی ٹیمیں کے سی سی اے اسٹیڈیم میں مدمقابل آئیں گی۔ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جانے والے ایونٹ میں ہر ٹیم 10 میچز کھیلے گی۔ ایونٹ کا فائنل راؤنڈ 11 سے 13 دسمبر جاری رہے گا جس کے بعد زیادہ فتوحات اور پہلی اننگز میں سبقت کے ذریعے سب سے زیاد ہ پوائنٹس حاصل کرنے والی ٹیم کو چیمپئن قرار دیا جائے گا۔ قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کی طرح قائداعظم ٹرافی نان فرسٹ کلاس میچوں میں شریک کھلاڑیوں کے پاس عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرکے اپنی ٹیم کے فرسٹ الیون اسکواڈ میں جگہ بنانے کا آپشن موجود ہوگا۔پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ کے ماتھے کا جھومر قائداعظم ٹرافی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ 25 اکتوبر سے کراچی میں شروع ہوگا۔