فیکٹری کے کیمیکل ٹینک کی صفائی کے دوران 6 مزدور جاں بحق

254

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سائٹ ایریا میں فیکٹری کے کیمیکل ٹینک میں کام کرنے والے 6 مزدور جاں بحق ہوگئے ۔جاں بحق مزدورں کی لاشیں کئی گھنٹوں تک ٹینک میں پڑی رہیں ، فیکٹری ملازمین نے فیکٹری انتظامیہ کی جانب سے غیر انسانی رویے کی شکایت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سائٹ ایریا نورس چورنگی کے قریب پلاٹ نمبرD 11 پر قائم جینس کے کپڑے بنانے والی ایس ایم ڈینم فیکٹری کے کیمیکل ٹینک میں 6 مزدور جاں بحق ہوگئے، مذکورہ مزدور جمعہ کی شب کیمیکل ٹینک کی صفائی کے لیے اس میں اترے تو ٹینک میں موجود کیمیکل کی تیز بو اورزہریلی گیس کی وجہ سے بے ہوش ہوگئے اور ٹینک میںموجود کیمیکل میں ڈوب گئے، جن کی موت کا انکشاف ہفتے کی صبح ہوا ،واقعہ کی اطلاع پر پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ ڈوب کر جاں بحق ہونے والے مزدوروں کو چھپیا ایمبولینس کے ذریعے عباسی اسپتال منتقل کردیا گیا، مزدورں کو ٹینک سے نکالنے رضاکاروں کے مطابق لاشوں کو دیکھ کر لگتا ہے کہ ڈوبنے والے افراد کئی گھنٹوں سے ٹینک میں تھے۔ جاں بحق ہونے والوں میں رمیش ، بورا ، نصیب ، شعیب ، گرداری اور کشن شامل ہیں، اطلاعات کے مطابق ڈوبنے والوں مزدروں کو کمپنی کا ایک ٹھیکے دار غلام نبی لے کر آیا تھا ،سائٹ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، فیکٹری مالک ورکز اور عینی شاہدین کے بیان قلمبند کیے جائیں گے، اگر ضرورت ہوئی تو بالکل قانونی کارروائی کریں گے ادھر فیکٹری ملازمین نے واقعے کے بعد میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے بتایا کہ فیکٹری میں انسانی جان کی کوئی قدر نہیں، ڈوبنے والے افراد رات کو آئے تھے فیکٹری مالک کا رویہ محنت کشوں کے بارے میں اچھا نہیں کوئی خیال نہیں رکھا جاتا ،ایک ریسکیو اہلکارکے مطابق ٹینک سے جو لاشیں نکالی ان کی حالت بہت بری تھی یہی لگتا ہے شاید بہت پہلے سے یہ افراد ڈوبے ہوئے تھے۔