غنی چورنگی کے قریب فیکٹری میں آتشزدگی،2 ملازمین جھلس کر زخمی

625

کراچی (اسٹاف رپورٹر) غنی چورنگی کے قریب رنگ ساز فیکٹری میں آتشزدگی کے نتیجے میں 2ملازمین جھلس کر شدید زخمی ہوگئے، جنہیں طبی امداد کیلیے اسپتال منتقل کردیا گیا، فیکٹری میں موجود سارا سامان جل کر خاکستر ہوگیا، تیسرے درجے کی آگ پر فائربریگیڈ کی 11 گاڑیوں اور ایک اسنارکل نے 4 گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد قابو پایا۔ تفصیلات کے مطابق غنی چورنگی کے قریب رنگ بنانے والی فیکٹری میں ہفتہ کی صبح آگ بھڑک اٹھی، آگ نے قریب کی ہر چیز کو جلا کر راکھ کردیا۔ اطلاع ملی تو پہلے فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی آگ بجھانے پہنچی۔ شدت اتنی تھی کہ فائر حکام نے آگ کو تیسرے درجے کی قرار دے کر شہر بھر سے مزید فائرٹینڈرز طلب کر لیے۔ آگ پر 4گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد کے ایم سی، پاکستان نیوی اور کے پی ٹی کے 11 فائر ٹینڈرز اور ایک اسنارکل نے واٹر بائوزر کی مدد سے قابو پاکر کولنگ کا عمل شروع کردیاگیا، آگ لگنے کی وجوہات فوری معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں کے دوران شہر میں خشک موسم اور تیز ہواوں کے باعث 8 مقامات پر آتشزدگی کے واقعات پیش آچکے ہیں۔