ادارے ہمارے اپنے ہیں جب ہی گلہ کررہے ہیں‘ مولانا فضل الرحمن

245

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے صدر اور جے یو آئی( ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ناجائز اور جعلی حکومت بدترین دھاندلی کے نتیجے میں وجود میں آئی ہے، اداروں سے گلہ کررہے ہیں تو اس لیے کہ وہ بھی ہمارے اپنے ہیں،اداروں کو بھی خود کو متنازع نہیں بنانا چاہیے۔ہفتے کی شب جامعہ فاروقیہ فیز ٹو میںپریس کانفرنس اور طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ جامعہ فاروقیہ میں شہید کی تعزیت کے لیے آیا ہوں،ڈاکٹر عادل خان کا قتل علمی دنیا کا بڑا نقصان ہے،ایسی شخصیات کیوں گولیوں کا نشانہ بنتی ہیں،شہر قائد ماضی میں بھی خون میں نہلایا گیا،بڑے بڑے علما شہید کردیے گئے۔انہوں نے کہا کہ تفتیش میں اب تک کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ہے،قاتلوں کی تصاویر بھی واضح ہیں مگر پھر بھی ان کی شناخت نہیں ہوسکی، عدم تحفظ کی فضا بنادی گئی ہے،جامعہ فاروقیہ کو اب تک کوئی سیکورٹی نہیں دی گئی ہے۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ملک میں فرقہ ورانہ فسادات کی کوشش کی گئی،مختلف مکاتب فکر کو آپس میں لڑانے کی سازش کسی اور کی ہے،عوام کے دبائو کا رخ کسی اور کی طرف موڑنے کی کوشش کی جارہی ہے،ملک کو چلانا ہے تو آئین اور ضابطوں پر عمل کرنا ہے، ہم انہیں پہچانتے ہیں مگر نام نہیں لے رہے۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ عوام حکومت سے مایوس ہوچکی ہے،تمام سیاستدان عوام کی آواز بن چکے ہیں، حکومت کے اعصاب اتنے بڑے دبائو کو برداشت نہیں کرسکتی،ناجائز اور جعلی حکومت بدترین دھاندلی کے نتیجے میں وجود میں آئی ہے۔