ٹک ٹاک پر پابندی کا فیصلہ معطل کرنے کی درخواست پر پی ٹی اے کو نوٹس جاری

466

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک کی بندش کا فیصلہ فوری معطل کرنے کی درخواست پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو نوٹس جاری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق عدالت نے ٹک ٹاک بندش کے فیصلے کے خلاف درخواست پر سماعت کے لیے تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے۔ حکم نامہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے جاری کیا جو 3 صفحات پر مشتمل ہے۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کیوں نا کیس کے حمتی فیصلے تک پی ٹی اے کا فیصلہ معطل کردیا جائے۔ پی ٹی اے آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش ہونے کے لیے سینئر افسر مقرر کرے۔

عدالت نے کہا کہ عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنے پر کیوں نا پی ٹی اے کے خلاف کارروائی کی جائے؟ وکیل درخواست گزار کے سوالات توجہ طلب ہیں، درخواست سماعت کے لیے منظور کی جاتی ہے۔

عدالت نے صدر پی ایف یو جے مظہر عباس اور وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل و سابق وزیر اطلاعات جاوید جبار عدالتی معاون مقرر کردیا۔

عدالت کا کہنا ہے کہ معاونین پی ٹی اے کے اختیارات کے مبینہ استعمال پر عدالتی معاونت کریں۔ بنیادی آئینی حقوق کی خلاف ورزی کے سوال پر عدالت کی معاونت کریں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں کیس کی مزید سماعت 23 اکتوبر کو ہوگی۔