محمد رضوان اور فخر زمان کی شراکت نے خیبرپختونخوا کو فائنل میں پہنچا دیا

424

راولپنڈی: کپتان محمد رضوان اور فخر زمان کی 113 رنز کی ابتدائی شراکت کی بدولت خیبرپختونخواکی ٹیم  نیشنل ٹی20 کپ کے فائنل میں پہنچ گئی ہے جبکہ خیبرپختونخوا نے  ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں سندھ کو 8 وکٹوں کے بھاری مارجن سےشکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کر لی ہے۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں خیبرپختونخوا نے  143 رنز کا ہدف 2 وکٹوں  کے نقصان پر حاصل کرلیا اور کپتان محمد رضوان اور فخر زمان نے کریز سنبھالتےہی جارحانہ انداز اپنایاتو سندھ کے باؤلرز دباؤ کا شکار ہوگئے جبکہ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 65 گیندوں پر 113 رنز کی شراکت نے خیبرپختونخوا کی فتح میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کپتان محمد رضوان نے50گیندوں پر67 رنز کی اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 11چوکے شامل  تھے جبکہ بائیں ہاتھ کے اوپنر  فخر زمان 29 گیندوں پر 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے  57 رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور دونوں کھلاڑیوں کو دانش عزیز نے رخصت کیا۔

اوپنرز کے پویلین واپس لوٹنے پر تجربہ کارمحمد حفیظ  اور شعیب ملک نے کریز سنبھالی اور دونوں بلے باز بالترتیب 12 اور 6 رنز بناکرناقابل شکست رہے جبکہ خیبرپختونخوا نے مطلوبہ ہدف 14.5 اوورز میں حاصل کرلیا۔

خیال رہے محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو سندھ کی مضبوط بیٹنگ لائن میچ کے آغاز سے ہی مشکلات کا شکار نظر آئی جبکہ فاتح ٹیم کی عمدہ باؤلنگ کے سامنے شرجیل خان 0، اسد شفیق 1، اعظم خان 0، سہیل خان 9، سرفراز احمد4، انور علی 3، محمد حسنین 1اور غلام مدثر 1 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

 رپورٹ کے مطابق سندھ کے صرف 2 کھلاڑی ہی ڈبل فگرز میں داخل ہوسکے، خرم منظور74 اوردانش عزیز 39 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے اور دونوں بلے بازوں نے چھٹی وکٹ کےلیے 80 رنز کی شراکت قائم کی جبکہ سندھ کی پوری ٹیم 19.5 اوورز میں 142 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

واضح رہے میچ میں شاندار اننگز کھیلنے پر خیبرپختونخوا کے  کپتان محمد رضوان کو مین آف دی میچ کاایوارڈ دیا گیا جبکہ ایونٹ کا فائنل سدرن پنجاب اور خیبرپختونخوا کے درمیان اتوار کی شام ساڑھے7بجے  کھیلا جائے  گا۔