کراچی میں ایک اور ڈاکٹر کورونا کے باعث انتقال کرگیا

752

کراچی میں کورونا وائرس کے وار سے ایک اور سینئر ڈاکٹر جان کی بازی ہار گئے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی جناح اسپتال کے ڈاکٹر عثمان کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر جناح اسپتال ڈاکٹر سیمی جمالی نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ڈاکٹر عثمان گزشتہ کئی روز سے کورونا کا شکار تھے، آج انتقال کرگئے ہیں۔

ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق جناح اسپتال کے یہ پہلے ڈاکٹر تھے جو کورونا کا شکار ہوکر جاں بحق ہوئے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق ڈاکٹر عثمان جناح اسپتال کے شعبہ ای این ٹی کے سابق سربراہ تھے۔ ڈاکٹر عثمان ایک سال قبل جناح اسپتال سے رٹائر ہوئے تھے۔

رپورٹ کے مطابق صوبہ سندھ میں کُل 35 فرنٹ لائن ورکرز کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے۔ جب کہ ملک بھر میں 83 فرنٹ لائن ورکرز اپنی جان کی بازی ہار گئے۔

ملک میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 9 ہزار 174 ہے جب کہ کُل 6 ہزار 638 افراد انتقال کرچکے ہیں۔ ملک میں کُل 3 لاکھ 22 ہزار 452 کورونا کے کیسز رپورٹ ہوئے۔ ان میں سے 3 لاکھ 6 ہزار 640 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔