۔2 سال مین سب ٹھیک نہیں کر سکتے ، مہنگائی کی ذمے دار اپوزیشن ہے ، شبلی فراز

141

 

اسلام آباد (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ دو سال میں سب ٹھیک نہیں کرسکتے،مہنگائی کی ذمہ دار اپوزیشن ہے۔ اپوزیشن کا دوہرا معیار اور منافقت نہیں چلے گی، مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی فیملی لمیٹڈ کمپنیاں ہیں، ان کے موسمی نظریاتی پن سے قوم واقف ہے، ان کا مفاد مہنگائی میں کمی اور قوم کی بھلائی نہیں اپنی کرپشن چھپانا ہے، معیشت اور اداروں کو تباہ کرنے والے، ملک کو لوٹنے والے، پارلیمنٹ میں جھوٹ بولنے والے اب جمہوریت کے چیمپئن بن گئے ہیںِِ، ماضی میں ایک دوسرے کو چور چور کہنے والوں کو پنجاب حکومت رومال بھی دے تاکہ وہ اپنے چہرے چھپا سکیں، گوجرانوالہ سٹیڈیم بھرنے کے لیے انہوں نے آدھے سٹیڈیم پر سٹیج بنا دیا ہے، اپنے دور میں انہوں نے ووٹ کی عزت کا نہیں نوٹ کی عزت کا خیال کیا، ہم نے ملک کو چوروں کے چنگل سے نکالنا ہے، آج ملک میں مہنگائی بھی انہیں کی پالیسیوں کا نتیجہ ہے، مولانا فضل الرحمن کا بیٹا
جیت جائے تو ٹھیک ہے، خود ہار جائیں تو الیکشن غلط ہے، عدالتیں ان کے حق میں فیصلہ کریں تو ٹھیک ورنہ غلط سمجھتے ہیں، یہ ناکام ہوں گے اور کبھی دوبارہ واپس نہیں آ سکیں گے، ان کی سیاست ختم ہو چکی ہے، ملک میں مہنگائی ہے لیکن اچھا وقت آنے والا ہے، اگلے دو چار ہفتوں میں صورتحال میں بہتری نظر آئے گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو ایوان بالا میں پالیسی بیان دیتے ہوئے کیا۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ کل ہماری بہادر افواج کے اہلکار شہید ہوئے ہیں، انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، 19 سال کی ایک غیر روایتی جنگ سے کامیابی کے ساتھ نبرد آزما ہوئے ہیں اور یہ سفر ابھی جاری ہے۔ سینیٹرشبلی فراز نے کہا کہ ایوان بالا میں اپوزیشن ارکان کی تقاریر میں یہ تاثر دیا گیا ہے کہ جیسے اس ملک میں کبھی ان کی حکمرانی نہیں رہی حالانکہ یہ پچھلے چالیس سے پچاس سال تک اس ملک میں حکومت کرتے رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ انہوں نے منظم انداز میں اداروں کو تباہ کیا اور اپنے اپنے لوگوں کو وہاں بٹھایا تاکہ وہ ان کے سہولت کار بن سکیں، آج یہ واویلا کر رہے ہیں کہ معیشت کو کیا ہو گیا ہے، یہ وہی ملک ہے جس میں مختلف ادوار میں آپ کی حکومتیں رہی ہیں، آپ نے ملک کو غریب ہوتے ہوئے دیکھا، اداروں کو تباہ ہوتے دیکھا لیکن آپ کے اثاثے بڑھتے رہے، پی ڈی ایم کے بینر تلے یہ آج جو اکٹھے ہوئے ہیں اس کا مقصد قوم کی بھلائی اور مہنگائی میں کمی نہیں ہے، یہ اپنی کرپشن چھپانے کے لیے آج اکٹھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے ان کی سہولت کے لیے سینیٹائزر اور ماسک بھی فراہم کیے ہیں، میری پنجاب حکومت سے درخواست ہے کہ وہ رومال بھی انہیں فراہم کریں تاکہ یہ اپنے چہرے بھی چھپا سکیں کیونکہ یہ ماضی میں ایک دوسرے کو چور چور کہتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک میں مہنگائی کا گلہ کرتے ہیں لیکن یہ انہی کی پالیسیوں کا نتیجہ ہے، 40، 50 سال میں آپ نے اداروں کو تباہ کیا اور توقع رکھتے ہیں کہ ہم دو سال میں انہیں ٹھیک کر دیں گے تاہم اپنے اداروں کو اپنے مقام پر کھڑا کریں گے، اس میں کوئی شک نہیں کہ ملک میں مہنگائی ہے تاہم اگلے دو چار ہفتوں میں صورتحال میں بہتری آئے گی۔