عوامی ریفرنڈم: خواتین ڈاکٹرزنے ووٹ کاسٹ کیا

198

کراچی(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی حلقہ خواتین پاکستان کی مرکزی جنرل سیکرٹری دردانہ صدیقی، معتمدہ پاکستان تسنیم معظم، ناظمہ کراچی اسما سفیر، نائب ناظمہ ثمینہ عتیق نے فریدہ یعقوب اسپتال اور الخدمت اسپتال اورنگی ٹاؤن کا دورہ کیا اور خواتین ڈاکٹرز سے ملاقات کی،ڈاکٹرز،پیرا میڈیکل اسٹاف نرسوں نے الخدمت کی کاوشوں کو سراہا اور اپنے مسائل سے
آگاہ کیا۔جماعت اسلامی خواتین ذمے داران نے ڈاکٹرز کو کراچی ریفرنڈم کے بیلٹ پیپر ز فراہم کیے جس پر خواتین ڈاکٹرز نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے ووٹ کاسٹ کیا۔ اس موقع پر دردانہ صدیقی نے کہاکہ جماعت اسلامی ہی شہر کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، ہماری جدوجہد ہر قسم کی لسانی تفریق سے بالاتر ہو کر صرف حقوق کراچی کے لیے ہے،کوٹا سسٹم،مہنگی بجلی،پانی کا بحران ،ٹرانسپورٹ کی بدحالی،کوڑے کے ڈھیر،ناکارا سیوریج سسٹم،ٹوٹی پھوٹی سڑکیں اوربااختیار کرپشن سے پاک شہری حکومت کا تقاضا کرتی ہیں،گزشتہ 30 سال میں شہر کی تعمیر وترقی کے دعوے داروں نے مسائل کے انبار لگا دیے اور اپنی جیبیں بھرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔انہوں نے کہاکہ مردم شماری میں گنتی کم کر کے کراچی کے وسائل پر قبضہ کیا جاتا ہے،کراچی شہر کو صرف ریلیف پیکجز کی ضرورت نہیں بلکہ ایسا مربوط اور ٹھوس نظام درکار ہے جو میگا سٹی کی ضروریات کو پورا کر سکے اور کراچی کو تعمیر وترقی میں دنیا کے کسی بھی شہر کے مقابل کھڑا کیاجاسکے۔