عمرکوٹ، پ ٹ الف : انتخاب برائے 2020 کی سرگرمیاں عروج پر

232

عمرکوٹ(نمائندہ جسارت) پ ٹ الف کے انتخاب برائے 2020ء کی سرگرمیاں عروج پر ، جوڑ تو کا سلسلہ بھی جاری، خادم استاد پینل کی پوزیشن مستحکم ، پورا ضلع جیت کر چھلگری صاحب کو تحفہ دیں گے، پ ٹ الف سٹی صدر امیدوار گوتم پرکاش بجیر۔تفصیلات کے مطابق 18اکتوبر 2020ء کو ہونے والے اساتذہ کی تنظیم پ ٹ الف کے انتخاب میں جوڑ توڑ اور ایک دوسرے سے سبقت لینے کے دعوے بھی کیے جانے لگے سندھ کے مختلف اضلاع کی طرح عمرکوٹ میں پ ٹ الف انتخابات عروج پر ہیں ،اس مرتبہ سٹی عمرکوٹ سمیت چاروں تحصیلوں پر خادم استاد پینل اور باشعور استاد پینل مدمقابل ہیں جبکہ اتوار کے روز ہونے والے الیکشن میں امیدواران روٹھوں کو منانے میں جٹ گئے جبکہ ضلع بھر میں اساتذہ کے رجسٹرڈ ووٹ 3000سے زائد ہیں، اساتذہ اپنے حق رائے دہی استعمال کریں گے جبکہ دو تحصیلیں کنری اور سامارو بلامقابلہ کامیاب ہوچکے ہیں۔ سٹی عمرکوٹ، تحصیل عمرکوٹ اور پتھورومیں سخت مقابلے کی توقع ہے ،عمرکوٹ تحصیل پر کل ووٹوں کی تعداد 668 اور سٹی عمرکوٹ میں 363 ہے ، عمرکوٹ کی پولنگ جی بی پی این مسلم اسکول میں ہوگی جبکہ تعلقہ عمرکوٹ کیلیے تعلقہ مین اسکول میں ووٹ کاسٹ کیے جائیں۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے خادم استاد پینل سٹی عمرکوٹ کی صدارت کے امیدوار گوتم پرکاش بجیر نے کہا کہ ان شاء اللہ 18 اکتوبر کو الیکشن جیت کر انتظار چھلگری کو بہترین تحفہ دیں گے، ہم نے ہمیشہ اساتذہ کے حقوق کی جنگ لڑی ہے اور اب جیت کر مضبوطی سے اساتذہ کا کیس لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سٹی اور تعلقہ عمرکوٹ میں پرائمری اساتذہ کی اکثریت خادم استاد پر اعتماد کرتی ہے جو ہماری جیت کی نوید سنا رہی ہے۔ تعلقہ صدارت کے امیداوار اکرام آرائین نے کہا کہ خادم استاد پینل مخالفین کو یادگار شکست دے گا ایسی صورتحال کو دیکھتے ہوئے مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتظار چھلگری اور ان کی پوری ٹیم نے اساتذہ کے حقوق کی آواز بلند کی اساتذہ کے جائز مطالبات منوانے میں صفہ اول میں کھڑی رہے گی۔