کوٹری، بزرگ افراد اوران کے حقوق کے حوالے سے آگاہی ریلی

187

کوٹری (پ ر ) بزرگ افراد اوران کے حقوق کے حوالے سے آگاہی ریلی محکمہ سوشل ویلفیئر جامشورو کی جانب سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون جامشورو علی ذوالفقار میمن کی قیادت میں اللہ والا چوک سے ڈسٹرکٹ پریس کلب کوٹری تک نکالی گئی۔ ریلی میں محکمہ سوشل ویلفیئر کے ایڈیشنل ڈائریکٹر اللہ وسایو عالمانی، ای ڈی ایچ او نیاز ببر، ڈی او پرائمری کریم بخش سومرو، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک غلام سرور ڈیرو، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد عرس خاصخیلی، امیر علی کولاچی، محمد اکرم پالاری، سی ایم او کوٹری خدا بخش سہوانی سمیت ادیبوں، دانشوروں، صحافیوں اور بزرگ شہریوں، ضلع کے افسران نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی میں مقررین نے اپنے خطاب میں بتایا کہ سندھ سینئر شہری سٹیزن ویلفیئر ایکٹ بل 2014 میں پاس کیا گیا ہے جس کا مقصد بزرگ شہریوںکے حقوق وبہبود کے لیے سہولتیں مہیا کرنا ہے کیونکہ بزرگ زندگی کے تجربے سے سرشار ہمارا اثاثہ ہیں۔ ریلی کا مقصد عوام میں آگاہی پیدا کرنا ہے جس کے لیے ہم سب کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہے۔ ریلی میں آنے والے بزرگ شہریوں نے اپنی تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ کو چاہیے کہ بزرگ حضرات کے لیے صحت، ٹرانسپورٹ، کھانے پینے کی سہولتوں پر خصوصی رعایت دی جائیں جس کے لیے جلد از جلد ریلیف کارڈ مہیا کیا جائے تاکہ ان کو بڑھاپے میں کوئی دشواری پیش نہ آئے۔