نیب نیازی گٹھ جوڑ کا مقابلہ کریں گے، سندھ پیپلز یوتھ

279

ٹنڈو محمد خان (نمائندہ جسارت) 18 اکتوبر کا جلسہ کراچی کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا ، پیپلز پارٹی کے جیالے عمران خان کو گھر بھیجنے کے لیے میدان عمل میں آچکے ہیں ، وفاقی حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے ، عمران خان کے ساتھیوں نے اسلام آباد سے واپس اپنے گھروں کو جانے کی تیاری شروع کردی ہے، سندھ پیپلز یوتھ کے لاکھوں کارکنان کارساز جلسہ عام میں شرکت کریں گے۔ سندھ پیپلز یوتھ کے ضلعی جنرل سیکرٹری رازق خان یوسفزئی، عدیل احمد بھٹی، روشن علی کھوسو، شہریار خاصخیلی، مخدوم وقار قریشی، سید شوکت شاہ، جاوید وسان ودیگر کی پریس کلب ٹنڈومحمدخان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ اپوزیشن جماعتوں نے وفاقی حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کر دیا، وفاقی حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ پارٹی چیئرمین بلاول زرداری کی ہدایت پر 18 اکتوبر کو سانحہ کار ساز کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے کراچی میں ہونے والے جلسے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ نیازی حکومت کے خاتمے تک پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی جدوجہد میں سندھ پیپلز یوتھ کے کارکنان ہراول دستے کا کردار ادا کریں گے اور نیب نیازی گٹھ جوڑ کا مقابلہ کریں گے۔ عوام وفاقی حکومت سے بیزار آگئے ہیں، بھوک، بے روزگاری اور مہنگائی نے عوام سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی ہے۔ 18 اکتوبر کا جلسہ وفاقی حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔ کارکنان لاکھوں کی تعداد میں 18 اکتوبر کو ہونے والے جلسہ عام میں شرکت کریں گے۔