سندھ حکومت نے گندم کی قیمتوں میں اضافہ کردیا

382

 

حیدرآباد( اسٹاف رپورٹر )آٹا چکی اونرز سوشل ویلفیئر ایسوسی ایشن حیدرآباد کے جنرل سیکرٹری محمد ہارون آرائیں نے کہا کہ سندھ حکومت نے آخر کار سرکاری گندم فروخت کے نرخوں میں اضافہ کردیا، گزشتہ سال 3450 روپے میں فروخت کی جانے والی 100 کلو سرکاری گندم کے نرخوں میں 237 روپے اضافہ کے ساتھ 3687.50 روپے کا اعلان کیا گیا ہے ، سرکاری گندم کی فروخت کے نرخ میں اضافے کی خبر سے کورونا وائرس،لاک ڈاون اور بے روزگاری سے بد حال سندھ کی عوام میں مزید مایوسی کی لہر دوڑ گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا سرکاری گندم کی فروخت میں اضافہ کیے بغیر سرکاری گندم کا کوٹہ فراہم کرنے کا مطالبہ مسترد کر دیا گیا ہے، محکمہ خوراک سندھ زمینی حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے حیدرآباد کی 90 فیصد سے زاید عوام کو آٹا فراہم کرنے والوں کو اسی تناسب سے سرکاری گندم کا کوٹہ جاری کیا جائے، سندھ کے عوام جو پہلے ہی کورونا وائرس کی وبا،لاک ڈاون اور
بے روزگاری کے ہاتھوں بدحالی کا شکار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے مختلف اضلاع میں اربوں روپے مالیت کی لاکھوں گندم کی بوریاں کھلے آسمان تلے پڑی ہیں جو حالیہ بارشوں اور دھوپ کی وجہ سے خراب ہونے کا اندیشہ ہے، کھلے آسمان تلے رکھی گئی سرکاری گندم کی لاکھوں بوریوں کو فی الفور سرکاری گوداموں میں منتقل کیا جائے تاکہ قومی خزانے کو بھاری نقصان سے بچایا جاسکے ۔محمد ہارون آرائیںنے ایک مرتبہ پھر سرکاری گندم کی قیمتوں میں اضافے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے سندھ حکومت گزشتہ سال کے نرخ فی 100 کلو گندم 3450 روپے کے حساب سے آٹا چکیوں اور رولر ملز کو فراہم کرے تاکہ عوام کسی طور سکھ کا سانس لے سکیں۔