اپوزیشن کو عوام کی زندگی سے زیادہ سیاست عزیز ہے، راجا بشارت

141

لاہور (نمائندہ جسارت) صوبائی وزیر قانون، پارلیمانی امور و سوشل ویلفیئر راجا بشارت نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں کورونا کے کیسز بڑھنے کے باوجود اپوزیشن کو گوجرانوالہ میں جلسے کی اجازت دی ہے، جس سے ایک بات ثابت ہوگئی ہے کہ اپوزیشن کو عوام کی زندگیوں سے زیادہ اپنی سیاست عزیز ہے۔ گزشتہ روز پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہم نے اپوزیشن کو بہت سمجھانے کی کوشش کی کہ وہ اپنی قومی ذمے داری کا احساس کرتے ہوئے عوام کی زندگیوں سے نہ کھیلے اور جلسے کے فیصلے پر نظر ثانی کرے لیکن وہ اپنی ضد پر قائم رہے۔ راجا بشارت نے کہا کہ ہمارے 2 وزیر اور 2 سینئر افسران گزشتہ روز کورونا سے متاثر ہو گئے، اگر ہم چاہتے تو پنجاب کووڈ ایکٹ کے تحت ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی لگا سکتے تھے لیکن ہم نے اس وقت سیاست نہیں کرنی بلکہ عوام کی جان کا تحفظ کرنا ہے، لہٰذا اپوزیشن نے مقامی انتظامیہ کے ساتھ اسٹامپ پیپر پر تحریری معاہدہ کیا ہے کہ وہ جلسے کے تمام شرکا سے ماسک، سینی ٹائزر اور سماجی فاصلے کی پابندی کرائیں گے۔