کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا حق حاصل ہے ‘ پاکستان

243

نیویارک(اے پی پی) پاکستان نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل کی قراردادیں کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا حق دیتی ہیں ،اس لیے تنازع کشمیر کو حل کیے بغیر اقوام متحدہ کا نوآبادیات کے خاتمے کا ایجنڈا نامکمل رہے گا۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل نمائندے محمد عامر خان نے جنرل اسمبلی کی خصوصی پولیٹیکل اینڈ ڈیکلونائزیشن (فورتھ)کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے قبضے اور مظالم کی راہ اختیار کر کے 7دہائیوں سے جموں و کشمیر کے لوگوں کے حق خود ارادیت سے انکار کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کے تنازع کے منصفانہ حل کے بغیر اقوام متحدہ کاآبادیات کے خاتمے کا فیصلہ کن ایجنڈا نامکمل رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حق خودارادیت کی نفی ہمیشہ اشتعال ، عدم اطمینان ، تنازعات میں شدت پیدا کرتی اور امن و سلامتی کے لیے خطرہ ثابت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے خطے کئی دہائیوں سے اس صورتحال سے گزر رہے ہیں اور عالمی برادری کی جانب سے کشمیریوں اور فلسطینیوں کے حق خود ارادیت کی مسلسل حمایت کے باوجود انہیں اس حق سے عملاً محروم رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ استعماری تسلط کی یہ مشق اوربیرونی قبضوں پر اصرارانسانوں کی سیاسی و معاشی آزادی کے عالمگیر اصول کو مجروح کر رہی ہے۔