علیم خان بھی کورونا کا شکار‘ ایک روز میں7 مریض جاں بحق

296

لاہور‘اسلام آ باد(نمائندہ جسارت+اے پی پی)صوبائی وزیر عبدالعلیم خان بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے،پنجاب کے سینئر وزیر عبدالعلیم خان کی طبیعت ناساز ہونے پر ان کا ٹیسٹ کرایا گیا جس میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ کورونا کی تشخیص ہونے کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیاہے ۔ ادھر پنجاب کابینہ کے2وزیر میاں اسلم اقبال اور حسین جہانیاں گردیزی پہلے ہی کورونا کا شکار ہو چکے ہیں،ان کے علاوہ چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی اور سیکرٹری خوراک اسد گیلانی بھی چند روز قبل کورونا کا شکار ہو چکے ہیں۔ علاوہ ازیںنیشنل کمانڈ اینڈآپریشن سینٹر(این سی او سی)نے کورونا وائرس کے حوالے سے تازہ ترین اعداد وشمار جاری کر دیے،جس کے مطابق گزشتہ 24گھنٹے کے دوران کورونا کے659 مریضوں کے ٹیسٹ مثبت آئے اور 7 مریض اسپتالوں میں وائرس سے جاں بحق ہوئے،ملک بھر میں کووڈ۔19 کے 33 ہزار 901 ٹیسٹ کیے گئے،اب تک ملک بھر میں کووڈ۔19 سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 3 لاکھ 5 ہزار 835 ہو چکی ہے،آزاد کشمیر اور بلوچستان میں کووڈ۔19 کا کوئی بھی مریض وینٹی لیٹرز پر نہیں ہے جبکہ ملک بھر میں کووڈ۔19 کے لیے مختص 1 ہزار 884 وینٹی لیٹرز پر کووڈ۔19 کے 74 مریض ہیں، ملک بھر میں کووڈ۔19 کے ایکٹو کیسز کی تعداد 9 ہزار 421 ہے، ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 لاکھ 21 ہزار 877 ہے،ملک بھر میں کووڈ۔19 سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 6 ہزار 621 ہے۔