امریکی انتخابات پر نوجوان ووٹر اثرانداز ہوسکتے ہیں‘ ماہرین

127

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی ماہرین نے نومبر میں ہو نے والے انتخابات میں نوجوان ووٹرز کو اہم قرار دے دیا۔ امریکی قانون کے مطابق 18 سال سے زیادہ عمر کے تمام امریکی شہریوں کو انتخابات میں ووٹ ڈالنے کا حق حاصل ہے۔ تحقیقی ادارے سرکل سے منسلک ماہر ایبی کیاسا کا کہنا ہے کہ ان اعداد و شمار کی روشنی میں دیکھا جائے تو رواں برس کا الیکشن بہت دلچسپ ہوگا، کیوں کہ اس میں نوجوان امریکی بڑھ چڑھ کر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ ایک اندازے کے مطابق امریکا میں 18 سے 29 سال کے درمیان 4کروڑ ووٹر ہیں۔ ان میں ڈیڑھ کروڑ ووٹر ایسے ہیں، جو گزشتہ انتخابات کے بعد 18 سال کی عمر کو پہنچے۔ نوجوان امریکی اپنے مستقبل کے حوالے سے تعلیمی قرضوں کی ادائیگی، صحت کی سہولیات، امیگریشن، ماحولیاتی اور اقتصادی صورتِ حال کو اہم ترین مسائل سمجھتے ہیں۔ ان مسائل میں کورونا بحران کے باعث ملازمتوں کا ختم ہونا، صحت کی سہولیات کے اخراجات پورے کرنا اور ان حالات میں ذہنی دباؤ کا مقابلہ کرنا تقریباً تمام امریکی نوجوانوں کے مشترکہ مسائل ہیں۔ واضح رہے کہ امریکا میں نوجوان جو قرض تعلیم کے حصول کے لیے حکومت سے لیتے ہیں وہ ملازمت ملنے کے بعد انہیں ادا کرنا ہوتا ہے۔ یوں ان نوجوانوں پر موجودہ صورتِ حال میں دباؤ بھی بڑھ گیا ہے۔