چین کا نئی امریکی پابندیوں کا جواب دینے کا اعلان

190
بیجنگ: چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لی جیان صحافیوں سے بات کررہے ہیں

بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) چین نے امریکا کی عائد کردہ نئی پابندیوں کا منہ توڑ جواب دینے کا اعلان کردیا۔ بیجنگ کا کہنا ہے کہ ہانگ کانگ کے لیے سیکورٹی عہدے داروں پر امریکا کی نئی پابندیاں شہر کے استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لی جیان نے کہا کہ بیجنگ حکومت ’’امریکا ہانگ کانگ آٹونومی ایکٹ‘‘ کی سخت مخالفت کرتی ہے۔ اس اقدام کے تحت امریکی وزیر خارجہ کانگریس کو ان لوگوں سے متعلق رپورٹ کریں گے، جو خطے میں شہری حقوق میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کریں گے۔ رواں سال کی رپورٹ میں چینی حکومت اور ہانگ کانگ کے 10 عہدے داروں کو شامل کیا گیا تھا، جن میں ہانگ کانگ کی خاتون سربراہ کیری لام اور پولیس کمشنر کرس تانگ بھی شامل تھے۔ ژاؤ لی جیان نے کہا کہ یہ رپورٹ چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہے اور اس کا مقصد ہانگ کانگ کی خوشحالی و استحکام کو تباہ کرنا ہے۔ انہوں نے دھمکی دی کہ اگر امریکا اسی راستے پر چلتا رہا تو چین سخت ردعمل دے گا۔