نوازشریف سے کبھی استعفیٰ نہیں مانگا، سابق ڈی جی آئی ایس آئی

610

پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے سابق ڈی جی جنرل(ر)ظہیر الاسلام نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے کبھی نوازشریف سے استعفیٰ طلب نہیں کیا۔

اخباری رپورٹ کے مطابق سابق ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل (ر) ظہیر الاسلام نے نوازشریف کے ان الزامات کی سختی سے تردید کی کہ 2014 کے دھرنوں کے دوران انہوں نے نوازشریف کو عہدے سے الگ ہونے کا کہا تھا۔

جنرل (ر) ظہیر الاسلام نے واضح کیا کہ انہوں نے کبھی نوازشریف سے استعفیٰ مانگا اور نہ کسی کے ذریعے استعفیٰ طلب  کرنے کا پیغام بھجوایا۔

انہوں نے کہا کہ استعفیٰ مانگنے کی بات بالکل غلط ہے بلکہ وہ مشورہ دیتے رہے کہ پی ٹی آئی اور پاکستان عوامی تحریک کے دھرنوں کا معاملہ سیاسی اندازمیں حل کیا جائے۔

واضح رہے کہ نوازشریف نے لندن سے پارٹی رہنماؤں کے اجلاس میں الزام عائد کیا تھا کہ 2014 کے دھرنوں کے دوران جنرل(ر)ظہیر الاسلام نے مستعفی ہونے کا کہا اور پیغام بھجوایا کہ آدھی رات تک  استعفیٰ دے دیں۔