سودی معیشت سے نجات کے بغیر ترقی نہیں کر سکتے، حسین محنتی

245

کراچی (نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ فرسودہ نظام اور سودی نظام معیشت سے نجات کے بغیر ملک و قوم ترقی نہیں کر سکتے۔ اقامت دین کی جدوجہد میں خواتین کا کردار قابل تحسین ہے۔ حلقہ خواتین جماعت اسلامی کی انسداد سود مہم میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قبا آڈیٹوریم
میں حلقہ خواتین جماعت اسلامی سندھ کے نظم کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اجلاس میں انسداد سود مہم، بلدیاتی انتخابات سمیت دیگر تنظیمی امور کا جائزہ بھی لیا گیا۔ صوبائی ناظمہ عطیہ نثار نے رفتار کار کی جائزہ رپورٹ پیش کی۔ صوبائی ناظمہ رخشندہ ناز، عظمیٰ عمران ، عائشہ ودود، عشرت مظہر بھی موجود تھیں۔ محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ اسلام اور آئین پاکستان کے مطابق سود حرام اور اس کا خاتمہ ضروری ہے۔ سودی نظام معیشت کی وجہ سے ہی آج کمر توڑ مہنگائی، شدید لوڈ شیڈنگ، مسلسل بے روزگاری، ٹیکسوں کی بھرمار اور جرائم میں روز روز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ ریاست مدینہ میں سود کا خاتمہ لازمی ہے۔ اس لیے حکومت جلد از جلد سود سے نجات کے اقدامات کرے کیونکہ قومی بجٹ کا بہت بڑا حصہ سود اور قرضوں کی واپسی میں چلا جاتا ہے۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق موجودہ حکومت نے صرف ایک سال میں 3419 ارب کا قرض لیا جبکہ مجموعی طور پر 35659 ارب کا ملک مقروض ہو چکا ہے۔