ایس او پیز کے تحت مفت فیملی میڈیکل کیمپ لگائے جارہے ہیں، فرمان تالپور

58

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر میر فرمان علی تالپور نے کہا ہے کہ محکمہ سماجی بہبود سندھ کی جانب سے ماں اوربچے کی صحت اورخاندانی منصوبہ بندی کے حوالے سے متعدد پروگرام شروع کیے گئے۔ اس سلسلے میں ضلع کے مختلف علاقوں میں ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے مفت فیملی میڈیکل کیمپ لگائے جارہے ہیں۔ اس بات کا اظہار انہوں نے فیملی ویلفیئر سینٹر مکھن سموں، جھلوری، کوٹ غلام محمد، سیٹلائٹ ٹاؤن اور کھان میں لگائے گئے کیمپ کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کیمپ میں محکمہ خاندانی منصوبہ بندی کی تربیت یافتہ ڈاکٹر اور عملہ اپنی ذمے داریاں انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیمپس میں بچوںکی پیدائش میں وقفے کی ادویات مفت دی جارہی ہیں۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کیمپ سے استفادہ کریں۔