گوجرانوالہ میں کل بہر صورت جلسہ ہوگا‘مریم اورنگزیب

140

لاہور(نمائندہ جسارت)مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کل جمعہ 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ میں ہر صورت جلسہ منعقد ہونے کا اعلان کیا ہے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ حکومت کے کنٹینر اور پولیس گردی (ن) لیگ کے جلسے کو نہیں روک سکتی، حکمران جلسے کو روکنے کے لیے جو مرضی کرلے جلسہ ہر صورت منعقد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس وقت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور جلسہ روکنے کے سلسلے میں حکومتی اقدامات اسی بوکھلاہٹ کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کا بیانیہ ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ کی تحریک حکومت کی کنٹینر پالیسی نہیں روک سکتی،(ن)لیگ کے متوالے اور عوام آٹا چور اور چینی چوروں کی جانب سے لگائے جانے والے کنٹینروں کو پار کر کے جلسہ گاہ پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آٹا،چینی، گیس بجلی کے ستائے عوام کو کنٹینر نہیں روک سکتے ،ان شااللہ عوام آٹا،چینی،دوائی چوروں کا ہر کنٹینر عبور کریں گے۔ا نہوں نے کہا کہ کرائے کے ترجمان جتنا چاہیں ماتم کریں اب عمران صاحب گھر جانے کی تیار ی کریں،ضلعی انتظامیہ، افسران بدلیں جو مرضی کر لیںجلسہ تو ہو گا۔