سوئی گیس صارفین کو اقساط کی سہولت فوری بحال کی جائے

156

فیصل آباد(جسارت نیوز)ریلوے پریم یونین کے رہنماخالد محمود چودھری نے مطالبہ کیا ہے کہ سوئی گیس کے صارفین کو اقساط کی سہولت فوری طور بحال کی جائے اور ڈس کنکشن سٹاف کو ہدائت کی جائے کم از کم پہلی عدم ادائیگی پر صارفین کے میٹر نہ اتارے جائیں، ڈس کنکشن فیس کے نام پر غریب عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا جاتا ہے، محکمہ میں بیٹھے ہوئے کمیشن مافیا نے ہر سطح پر کمیشن اور کرپشن کے کلچر کی حوصلہ افزائی کی ہے۔انہوںنے چوری شدہ گیس کی قیمت عام صارفین سے وصول کرنے کے اعلان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں بڑے پیمانے پر ہونے والی گیس و بجلی کی چوری عوام کے کھاتے میں ڈال کر ہرسال اربوں روپے عوام سے وصول کیے جاتے ہیں جبکہ اس چوری کا سد باب کرنے کے لیے کوئی اقدامات نہیںکیے جاتے۔انہوں نے کہا کہ چوری کے کروڑوں روپے ان غریبوں کے کھاتے میں ڈال دیے جاتے ہیں جو اپنے گھریلوبل بھی اداکرنے کے قابل نہیں ہیں،محکمہ گیس کو اربوں کی چوری کرنے والے بڑے مگر مچھوں کے خلاف کارروائی کی ہمت نہیںاور نہ ہی کوئی اہلکار ان کے خلاف زبان کھولنے کے لیے تیا ر ہے،اگر کوئی چور پکڑا جاتا ہے تو وہ کروڑوں روپے کی چوری کے بعد چند لاکھ رشوت دے کر پاک صاف ہوجاتا ہے مگر غریب گھریلو صارفین پر دبائو بڑھا کر انہیں تنگ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے ارکان اسمبلی بھی شہریوں کے مسائل پر سنجیدگی سے توجہ دینے کے بجائے اپنی حالت سنوارنے کے لیے مال غنیمت سمیٹنے میں مصروف ہیں ۔ انہیں عوام کے مفادات کا کوئی خیال نہیں اور دونوں ہاتھوں سے قومی دولت کو لوٹنے میں مصروف ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پوراملک کرپٹ اور بددیانت لوگوں کے ہتھے چڑھ گیا ہے، جس کی وجہ سے معاشرہ ظلم اور ناانصافی کی آماجگاہ بن چکا ہے۔